بارشیں ہی بارشیں ، محکمہ موسمیات نے ملک میں شدید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کردی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)محکمہ موسمیات نے ہفتے سے ملک میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 10 اپریل سے ختم نہ ہونے والا بارشوں کا سلسلہ پاکستان پراثر انداز ہوگا جو کئی دنوں تک ملک کے بیشتر علاقوں میں جاری رہے گا، اس دوران کراچی میں بھی بارانِ رحمت برسنے کے امکانات ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے مختلف علاقوں میں اگلے ہفتے موسلا دھار بارشیں ہونے کا امکان ہے، اس دوران مغربی ہواؤں کا طاقتورسسٹم پاکستان کا رخ کرسکتا ہے جس کے بعد اپریل کے تیسرے یا آخری ہفتے بارشوں کا ایک اور طاقتور مغربی سسٹم ملک میں داخل ہوگا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشیں ہوئیں جس میں شمال مغربی سندھ، شمال مشرقی بلوچستان، خیبرپختونخوا، پنجاب، کشمیر اور ملحقہ علاقے شامل ہیں۔محکمہ موسمیات نے آج اور کل مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، بلوچستان میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے تاہم کوئٹہ، زیارت سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش کے امکانات ہیں۔محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ کل کوہلو، سبی، جیکب آباد اور تبت میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔دوسری جانب پنجاب میں آج رات مزید بارشوں کے امکانات ہیں جس میں لاہور، منڈی بہاؤالدین، صادق آباد، سیالکوٹ، گجرات، سرگودھا،

ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، میانوالی، قصور، بھکر، لیہ کے علاقے شامل ہیں، اس دوران ساہیوال، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان میں آندھی کے ساتھ ہلکی بارش کی توقع کی جارہی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد میں آج رات بارش کے امکانات ہیں جبکہ تیز ہوائیں چلنے کی بھی توقع کی جارہی ہے تاہم کل سندھ کے بیشتر شہروں میں موسم شدید خشک رہے گا۔اسی طرح خیبرپختونخوا میں آج رات اور کل دیر، چترال، کوہستان، سوات، بونیر، ہری پور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، کوہاٹ، بنوں، وزیرستان اور ملحقہ علاقوں میں بارش کے امکانات ہیں جبکہ بالائی علاقہ جات میں موسلا دھار بارشوں کی توقع کی

جارہی ہے۔کل دن کے اوقات میں کوہستان، دیر، سوات، مالاکنڈ، بونیر، ہری پور، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں بارشیں متوقع ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان کے تمام تر علاقوں میں بارش کی توقع کی جارہی ہے، مختلف علاقوں میں ژالہ باری اور موسلا دھار بارشوں کی توقع ہے۔

Sharing is caring!

Categories

Comments are closed.